امریکا کے ساتھ پاکستان اور قطر کی ثالثی میں مذاکرات جاری ہیں: عباس عراقچی

تہران: ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے تصدیق کی ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان پاکستان اور قطر کی ثالثی میں مذاکرات جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حتمی معاہدے تک آبنائے ہرمز بند رہے گی۔ ان کے مطابق ایران نے امریکا کو سات روزہ منصوبہ پیش کیا تھا جس کے تحت چھٹے روز آبنائے ہرمز کو کھولا جانا تھا۔ امریکی فریق نے بتایا کہ وہ شرائط سے اتفاق کرتا ہے لیکن چند مزید شقیں شامل کرنا چاہتا ہے۔
عباس عراقچی نے کہا کہ ایران چاہتا ہے کہ دوسرے معاملات پر بات چیت سے پہلے امریکا اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت اپنے تمام وعدے پورے کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ بحیرہ احمر میں ہونے والی کشیدگی سے ایران کا کوئی تعلق نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ایران نے سعودی عرب اور یمن کے حوثیوں کے درمیان لڑائی ختم کرانے کے لیے ثالثی کی پیشکش کی تھی لیکن اب تک کسی فریق کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔











