امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ کا غیر اعلانیہ دورۂ اسرائیل، نیتن یاہو سے ایران پر بات چیت

تل ابیب: امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے اسرائیل کے غیر اعلانیہ دورے کے دوران اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے ایران کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم کے ترجمان ڈورون اسپل مین نے برطانوی خبر رساں ادارے کو تصدیق کی کہ نیتن یاہو نے جنوبی علاقے صحرائے نیگیو میں واقع عوفدا ایئر بیس پر پیٹ ہیگسیتھ سے ملاقات کی۔
اسپل مین کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے میں موجود خطرات اور ان سے نمٹنے کے لیے امریکا اور اسرائیل کی شراکت داری پر بات کی۔ گفتگو میں خطرات سے دفاعی اور جارحانہ دونوں طریقوں سے نمٹنے کے امور زیر بحث آئے۔
ترجمان نے کہا کہ امریکی وزیر جنگ نے اسرائیل میں تعینات ہزاروں امریکی فوجیوں کی میزبانی پر اسرائیل کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اسرائیلی وزیراعظم کی حمایت پر بھی بات ہوئی۔
واضح رہے کہ امریکی صدر نے اسرائیل میں اگلے ہفتے ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں نیتن یاہو کی حمایت کی تھی۔ یہ 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے جنوبی اسرائیل پر حملے کے بعد ملک کے پہلے انتخابات ہیں۔
پینٹاگون نے دورے پر تاحال کوئی عوامی بیان جاری نہیں کیا۔ اس سے قبل پیٹ ہیگسیتھ نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر بتایا تھا کہ انہوں نے امریکی سینٹرل کمانڈ کے دائرہ اختیار میں تعینات امریکی فوجیوں سے ملاقات کی ہے۔ اس کمانڈ میں مشرقِ وسطیٰ، شمال مشرقی افریقا اور ایشیا کے بعض علاقے شامل ہیں۔ انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ ملاقات کس مقام پر ہوئی۔
یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب آبنائے ہرمز کے معاملے پر امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی بڑھ رہی ہے، جبکہ یمن کے حوثیوں نے سعودی عرب پر اپنے حملوں میں شدت پیدا کر دی ہے۔











