کوئٹہ: پٹرول پمپ کا معائنہ، پرائس کنٹرول آپریشن میں 5 دکاندار گرفتار
کوئٹہ: عوامی شکایات اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر صدر محمد یوسف ہاشمی نے ہائیڈروکاربن ٹیسٹنگ سینٹر کی ٹیم کے ہمراہ ایئرپورٹ روڈ پر واقع ہاسکول (HASCOL) پٹرول پمپ کا معائنہ کیا اور فروخت ہونے والی پیٹرولیم مصنوعات کے معیار کا جائزہ لیا۔
معائنے کے دوران مقررہ طریقہ کار کے مطابق ایندھن کے نمونے حاصل کر کے تفصیلی جانچ اور تجزیے کے لیے لیبارٹری بھجوا دیے گئے۔ انتظامیہ کے مطابق لیبارٹری رپورٹ موصول ہونے کے بعد نتائج کی روشنی میں مزید ضروری کارروائی عمل میں لائی جائے گی، تاکہ پیٹرولیم مصنوعات کے معیار کو یقینی بنانے اور صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لیے موثر اقدامات کیے جا سکیں۔
پرائس کنٹرول آپریشن
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے احکامات، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی ہدایات اور عوامی شکایات پر اسپیشل مجسٹریٹ سریاب عزت اللہ نے لنک بادینی روڈ اور بوسہ منڈی، ایسٹرن بائی پاس پر پرائس کنٹرول آپریشن کیا۔
کارروائی کے دوران 11 دکانوں کا معائنہ کیا گیا، جبکہ مقررہ نرخوں سے زائد قیمتیں وصول کرنے پر 5 دکانداروں کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے، قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور گرانفروشی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔











