کوئٹہ: پولیو مہم میں ناقص کارکردگی پر ڈپٹی کمشنر کی برہمی، ٹیمیں تبدیل کرنے کا حکم

کوئٹہ: ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی زیرِ صدارت جاری انسدادِ پولیو مہم کے دوسرے روز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں محکمہ صحت، ڈی ایچ او، نیشنل ای او سی، ڈسٹرکٹ پولیو ٹیموں، مانیٹرز پولیس اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں جاری انسدادِ پولیو مہم کے دوسرے روز کی کارکردگی، تمام یونین کونسلز میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کی مجموعی کوریج اور فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے ناقص کارکردگی اور اہداف کے حصول میں غفلت برتنے والی ٹیموں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ غیر تسلی بخش کارکردگی دکھانے والی ٹیموں کو فوری طور پر تبدیل کیا جائے اور ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پولیو مہم میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام متعلقہ افسران مہم کے مقررہ اہداف کے حصول کو یقینی بنائیں۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











