کمشنر نصیرآباد کا مواصلات و تعمیرات بلڈنگز کے منصوبوں کا جائزہ، سرکاری عمارتوں میں ریمپ لازمی قرار

نصیرآباد: کمشنر نصیرآباد ڈویژن صلاح الدین نورزئی کی زیر صدارت محکمہ مواصلات و تعمیرات بلڈنگز کے جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں سپرنٹنڈنگ انجینئرز فدا حسین کھوسہ اور ارسلا رند، ایگزیکٹو انجینئرز محمد یاسین چانڈیو اور عتیق الرحمن، سب ڈویژنل آفیسران ذوالفقار علی لہڑی اور محمد یونس ابڑو سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔
افسران نے تعلیم، صحت، لائیو اسٹاک، پولیس اور دیگر سرکاری دفاتر و رہائش گاہوں کے زیر تعمیر منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ بلڈنگز شعبے کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جائے اور بالخصوص تعلیم و صحت کے منصوبے مقررہ معیار کے مطابق برق رفتاری سے مکمل کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان تعلیم اور صحت کے شعبوں کی بہتری کے لیے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں، اس لیے ان منصوبوں کی تعمیراتی پیش رفت اور معیار پر کڑی نظر رکھی جائے۔ افسران متعلقہ ڈپٹی کمشنرز سے مؤثر رابطہ رکھیں تاکہ مسائل بروقت حل کر کے رکاوٹیں دور کی جا سکیں۔
کمشنر نے کہا کہ ضروری اور اہم بلاکس کی تعمیر کو اولین ترجیح دی جائے تاکہ عوام اور ادارے جلد ان سہولیات سے مستفید ہو سکیں، جبکہ دیگر بلاکس کی تعمیر بھی ترجیحی بنیادوں پر معیار کے مطابق جاری رکھی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مفاد عامہ کی تمام زیر تعمیر سرکاری عمارتوں میں سیڑھیوں کے ساتھ ریمپ کی سہولت بھی لازمی فراہم کی جائے تاکہ خصوصی افراد اور بزرگ شہریوں سمیت سب کو رسائی میں آسانی ہو۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











