ملتان سلطانز نے آسٹریلوی فاسٹ بولر لانس مورس کو سائن کر لیا

لاہور: پاکستان سپر لیگ کے بارہویں ایڈیشن کے لیے ملتان سلطانز نے ٹیم کو مضبوط بنانے کے لیے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے آسٹریلیا کے تیز رفتار فاسٹ بولر لانس مورس کو ڈائریکٹ سائن کر لیا۔
لانس مورس بین الاقوامی کرکٹ میں آسٹریلیا کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ وہ آسٹریلیا کی ڈومیسٹک کرکٹ میں میلبرن اسٹارز، پرتھ اسکورچرز اور ویسٹرن آسٹریلیا کی جانب سے بھی کھیل چکے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا بھی ان کا وسیع تجربہ ہے۔ لانس مورس کا کہنا ہے کہ وہ پہلے بھی ملتان سلطانز کا حصہ بننے کے بارے میں سوچ چکے تھے اور اب فرنچائز کی نمائندگی کا موقع ملنے پر خوش ہیں۔
ملتان سلطانز نے لانس مورس کو خوش آمدید کہتے ہوئے ان کی ٹیم میں شمولیت کو خوش آئند قرار دیا۔ مالک گوہر شاہ کا کہنا ہے کہ ان کی آمد سے ٹیم کا کمبی نیشن مزید مضبوط ہوگا۔
گوہر شاہ کے مطابق ملتان سلطانز ہر کھلاڑی پر انفرادی توجہ دیتی ہے اور ان کا بھرپور خیال رکھتی ہے۔
گزشتہ سیزن میں شائقین نے ناہید رانا کی بولنگ سے لطف اٹھایا، جبکہ اس مرتبہ لانس مورس کی برق رفتار گیند بازی شائقین کی توجہ کا مرکز ہوگی۔ ان کی شمولیت سے فاسٹ بولنگ اٹیک کو مزید تقویت ملنے کی توقع ہے۔
اعتماد ڈیسک











