آئی ایل ٹی20 سیزن 5: ابوظہبی نائٹ رائیڈرز کی دبئی کیپیٹلز پر 55 رنز سے فتح

دبئی: ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی20 سیزن 5 کے دوسرے میچ میں عثمان طارق کی تباہ کن بولنگ کی بدولت ابوظہبی نائٹ رائیڈرز نے دبئی کیپیٹلز کو 55 رنز سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کیا۔
عثمان طارق نے 27 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد روحید نے 11 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے دبئی کیپیٹلز کی بیٹنگ لائن تہس نہس کر دی۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ابوظہبی نائٹ رائیڈرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنائے۔
فن ایلن نے 38 گیندوں پر 74 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جبکہ آندرے فلیچر نے 49 گیندوں پر 55 رنز بنائے۔ دونوں اوپنرز نے پہلی وکٹ کے لیے 119 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔
فن ایلن نے 29 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی، تاہم نور احمد نے 13ویں اوور میں ان کی وکٹ حاصل کر کے اوپننگ شراکت کا خاتمہ کیا۔ آندرے فلیچر بھی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد نور احمد کا شکار بنے۔
کپتان جیسن ہولڈر 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ آخری اوور میں کریم جنت نے گل بدین نائب اور آندرے رسل کو پویلین بھیجا۔ دبئی کیپیٹلز کی جانب سے دشمنتھا چمیرا اور کریم جنت نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
168 رنز کے ہدف کے تعاقب میں دبئی کیپیٹلز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا۔ محمد روحید نے دوسرے اوور میں فاف ڈو پلیسی اور مسعود گرباز کو آؤٹ کر کے حریف ٹیم کو 4 رنز پر دو وکٹوں کے نقصان سے دوچار کر دیا۔
میکس ہولڈن تیسرے اوور میں جیسن ہولڈر کا شکار بنے، جبکہ سیم بلنگز اور حسن خان بھی جلد پویلین لوٹ گئے۔ مارکس اسٹوئنس نے 32 گیندوں پر 47 رنز بنا کر مزاحمت کی۔
ٹام مورز نے 20 گیندوں پر 19 رنز اسکور کیے اور دونوں نے 46 رنز کی شراکت قائم کی، تاہم عثمان طارق نے 13ویں اوور میں مورز کو آؤٹ کر کے یہ شراکت توڑ دی۔ اگلی ہی گیند پر انہوں نے کریم جنت کو ایل بی ڈبلیو کر دیا۔
عثمان طارق نے 15ویں اوور میں مارکس اسٹوئنس اور دشمنتھا چمیرا کو آؤٹ کر کے اپنی چار وکٹیں مکمل کیں، جبکہ محمد روحید نے 18ویں اوور میں نور احمد کو بولڈ کر دیا۔
دبئی کیپیٹلز کی پوری ٹیم 17.5 اوورز میں 112 رنز پر آؤٹ ہو گئی اور ابوظہبی نائٹ رائیڈرز نے 55 رنز سے کامیابی حاصل کر لی۔ فن ایلن کو 74 رنز کی شاندار اننگز پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔











