قومی اسمبلی نے فرنٹیئر کانسٹیبلری تنظیم نو سمیت اہم بلز منظور کر لیے

قومی اسمبلی نے فرنٹیئر کانسٹیبلری تنظیم نو، پاکستان اسٹڈی سینٹرز، فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن اور ٹریول ایجنسیز سے متعلق بلز کی منظوری دے دی۔ پاکستان ٹورسٹ گائیڈز، پاکستان ہوٹلز اینڈ ریسٹورنٹس، موشن پکچرز اور نیشنل کالج آف آرٹس انسٹیٹیوٹ سے متعلق ترمیمی بلز بھی کثرت رائے سے منظور کر لیے گئے۔
پیر کو اسپیکر ایاز صادق کی زیرصدارت اجلاس میں فرنٹیئر کانسٹیبلری تنظیم نو بل اور پاکستان اسٹڈی سینٹرز ترمیمی بل وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے پیش کیے۔ فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ترمیمی بل پارلیمانی سیکرٹری کی جانب سے پیش کیا گیا۔
ایوان نے ٹریول ایجنسیز ترمیمی بل، پاکستان ٹورسٹ گائیڈز ترمیمی بل اور پاکستان ہوٹلز اینڈ ریسٹورنٹس ترمیمی بل 2026 منظور کیے، جو پارلیمانی سیکرٹری کرن ڈار نے پیش کیے۔ پاکستان ٹورسٹ گائیڈز ترمیمی بل سینیٹ پہلے ہی منظور کر چکی ہے۔ قومی اسمبلی نے موشن پکچرز ترمیمی بل 2026 اور نیشنل کالج آف آرٹس انسٹیٹیوٹ ترمیمی بل بھی منظور کر لیا۔
مختلف بلز میں نعیمہ کشور کی ترامیم مسترد کر دی گئیں۔ نکتہ اعتراض پر بولنے کا موقع نہ ملنے پر اپوزیشن رکن سہیل سلطان نے کورم کی نشاندہی کر دی۔ دو بار گنتی کے باوجود حکومت کورم پورا نہ کر سکی، جس پر اسپیکر نے اجلاس کل صبح 11 بجے تک ملتوی کر دیا۔











