چیئرمین پی سی بی کا سہ ملکی سیریز کی ٹیموں کے اعزاز میں شاہی قلعہ لاہور میں عشائیہ

لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کی جانب سے سہ ملکی سیریز میں حصہ لینے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
شاہی قلعہ لاہور میں ہونے والے عشائیے میں انگلینڈ، سری لنکا اور پاکستان ٹیموں کے کھلاڑی شاہی مہمان بنے۔ ان کا شاہی استقبال کیا گیا اور شاہی تواضع کی گئی۔ تقریب میں کھلاڑیوں، کوچنگ اور مینجمنٹ اسٹاف نے شرکت کی۔
محسن نقوی نے عالمگیری دروازے پر تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو خوش آمدید کہا۔ کھلاڑیوں اور میچ آفیشلز کو بادشاہی مسجد، مزارِ اقبال اور حضوری باغ کا ٹور بھی کرایا گیا، جس سے غیر ملکی کھلاڑی خاصے محظوظ ہوئے۔
غیر ملکی کھلاڑیوں نے رنگیلا رکشہ کی سواری سے خوب لطف اٹھایا، جبکہ ڈھولیچی گروپ کی شاندار پرفارمنس نے سماں باندھ دیا، جس پر غیر ملکی پلیئرز نے بھرپور داد دی۔
دیوانِ خاص میں مغلیہ دور کے لباس میں ملبوس دربانوں نے غیر ملکی مہمانوں کا استقبال کیا۔ کھلاڑیوں اور آفیشلز کو دیوانِ عام، بارود خانہ اور شیش محل کی سیر کرائی گئی اور شاہی قلعہ کی تاریخ سے آگاہ کیا گیا، جس میں کھلاڑیوں نے گہری دلچسپی ظاہر کی۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ آپ سب ہمارے خصوصی مہمان ہیں، پاکستان پرامن اور محفوظ ملک ہے، اور پاکستانی قوم کرکٹ کے کھیل سے خصوصی لگاؤ رکھتی ہے۔
تقریب میں سری لنکا کے سفارتکاروں، چیف سیکرٹری پنجاب، سابق چیئرمین پی سی بی ذکاء اشرف، رمیز راجا، سابق کرکٹرز، چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی، چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل اور اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔











