سندھ حکومت جامعات کے پروفیسرز کی ریٹائرمنٹ کی عمر 60 سے بڑھا کر 65 سال کرنے کا فیصلہ

کراچی: سندھ حکومت نے صوبے کی جامعات کے پروفیسرز کی ریٹائرمنٹ کی عمر 65 سال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
صوبے کی 32 سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز کے اجلاس میں چیف سیکرٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے بتایا کہ یونیورسٹی پروفیسرز کی ریٹائرمنٹ کی عمر 60 سے بڑھا کر 65 سال کرنے کی سمری صوبائی کابینہ کو بھیجی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ سندھ دیگر صوبوں کے مقابلے میں جامعات کو زیادہ گرانٹ اِن ایڈ فراہم کرتا ہے اور صوبے کی جامعات کو 44 ارب 460 ملین روپے کی گرانٹ دی جا رہی ہے۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ نئے کیمپسز کے قیام کے لیے جامع پالیسی اور واضح معیارات وضع کیے جائیں تاکہ تعلیمی اور مالی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کیے جا سکیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وائس چانسلرز نے حقِ معلومات کے قانون کے حوالے سے بھی اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ بعض اوقات ایسی معلومات طلب کی جاتی ہیں جن کا عوامی مفاد سے براہِ راست تعلق نہیں ہوتا۔
آصف حیدر شاہ نے کہا کہ جامعات کے لیے پنشن کے واجبات ایک بڑا مسئلہ بن چکے ہیں۔ مالی بوجھ کم کرنے کے لیے غیر ضروری بھرتیوں، بالخصوص غیر تدریسی شعبوں میں بھرتیوں کی حوصلہ شکنی کی جائے۔











