غیر محفوظ اسکولوں کے معائنے کا عمل شروع، ابتدائی رپورٹس موصول ہونا شروع: ڈاکٹر عامر عبداللہ

پشاور: ممبر ایڈوائزری کونسل برائے تعلیم ڈاکٹر عامر عبداللہ نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی رپورٹس اور ویڈیوز کی روشنی میں غیر محفوظ اسکولوں کی نشاندہی اور حفاظتی اقدامات کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی ہے، جبکہ ابتدائی رپورٹس بھی موصول ہونا شروع ہو گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کی ٹیم نے اس اہم کام کے لیے فوری اقدامات کرتے ہوئے ہفتہ وار تعطیل کے باوجود مسلسل کام کیا، جس پر محکمے کے افسران اور اہلکار خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔
ڈاکٹر عامر عبداللہ نے ان شہریوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے غیر محفوظ اسکولوں سے متعلق ویڈیوز ریکارڈ کر کے متعلقہ حکام تک پہنچائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شہریوں نے اپنی اہم سماجی ذمہ داری ادا کی ہے اور اس ذمہ دارانہ تعاون سے ممکنہ خطرات کی نشاندہی اور بروقت کارروائی میں مدد ملی ہے۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ متعلقہ حکام اور محکمہ تعلیم کی ٹیم کو اس اہم ذمہ داری کو کامیابی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے۔











