خضدار: میر یونس عزیز زہری کا وفد کے ہمراہ ایس پی محمد جان بلوچ سے امن و امان پر تبادلہ خیال
خضدار: قائد حزب اختلاف بلوچستان اسمبلی و ایم پی اے خضدار میر جھالاوان میر یونس عزیز زہری نے اپنے وفد کے ہمراہ ایس پی خضدار کے دفتر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایس پی خضدار محمد جان بلوچ سے ملاقات کی۔
ملاقات میں ایم پی اے خضدار میر یونس عزیز زہری کے ہمراہ انجمن تاجران صدر بازار حافظ حمیداللہ مینگل، عبدالسلام مینگل اور انجینئر یونس رمضان موسیانی بھی موجود تھے۔
اس موقع پر خضدار میں امن و امان کی صورتحال، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور علاقے میں امن کے قیام سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے، شہریوں کو درپیش مسائل کے حل اور شہر میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لیے موثر اقدامات اٹھانا چاہیے۔ اس سلسلے میں متعلقہ اداروں کے درمیان باہمی رابطے اور تعاون کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
میر جھالاوان میر یونس عزیز زہری کا کہنا تھا کہ خضدار میں امن و امان کا قیام اور عوام کو محفوظ ماحول کی فراہمی اولین ترجیحات میں شامل ہونی چاہیے، تاکہ شہری بلاخوف و خطرہ اپنی روزمرہ زندگی اور کاروباری سرگرمیوں کو جاری رکھ سکیں۔
اس موقع پر نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق میئر خضدار میر عبدالرحیم کرد سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔











