اسلام آباد کے متعدد مدارس میں بلڈنگ کنٹرول قوانین کی خلاف ورزیاں، سی ڈی اے کے نوٹسز

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے منسلک متعدد مدارس میں بلڈنگ کنٹرول قوانین اور منظور شدہ تعمیراتی ضوابط کی خلاف ورزیوں کا انکشاف ہوا ہے۔
اس پر کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے مختلف مدارس کی انتظامیہ کو نوٹسز جاری کیے ہیں اور غیر قانونی تعمیرات ختم کرنے اور متعلقہ ریکارڈ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔
ذرائع کے مطابق سی ڈی اے نے مدرسہ اختر العلوم، بلال ٹاؤن، کورنگ نالہ، کھنہ ڈاک کو منظور شدہ بلڈنگ پلان کے بغیر تعمیرات کرنے پر نوٹس جاری کیا ہے۔
نوٹس میں انتظامیہ کو 15 روز کے اندر عمارت کا تعمیراتی نقشہ اور متعلقہ دستاویزات جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے، بصورت دیگر عمارت سیل کرنے سمیت قانونی کارروائی کا انتباہ دیا گیا ہے۔
اسی طرح ادارہ معارف اسلامیہ، شریعہ ربانیہ، تفی القرآن، مکان نمبر 3، اسٹریٹ نمبر 6، سیکٹر ایف ایٹ تھری میں بھی مبینہ طور پر بلڈنگ کنٹرول قوانین کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔
سی ڈی اے کے مطابق مدرسے کی عمارت میں مقررہ سیٹ بیک پر غیر قانونی تعمیرات کی گئی ہیں اور چھت پر بھی غیر مجاز تعمیرات کا انکشاف ہوا ہے۔ اتھارٹی نے عمارت کو رہائشی کے بجائے مدرسے کے طور پر استعمال کیے جانے پر بھی اعتراض اٹھایا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق مقررہ مدت میں احکامات پر عمل نہ ہونے کی صورت میں عمارت کو سیل کرنے، جرمانے عائد کرنے اور الاٹمنٹ منسوخ کرنے سمیت کارروائی کی جا سکتی ہے۔
سی ڈی اے کا کہنا ہے کہ منظور شدہ نقشوں، تعمیراتی ضوابط اور زمین کے مختص استعمال کے قواعد پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے مدارس سمیت مختلف عمارتوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا گیا ہے۔











