لورالائی آل بلوچستان فٹبال ٹورنامنٹ: نوشکی کلب نے کوئٹہ کلب کو 0-2 سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنا لی

لورالائی: ضلعی انتظامیہ لورالائی کے زیرِ اہتمام جشنِ آزادی کے سلسلے میں آل بلوچستان فٹبال ٹورنامنٹ جاری ہے، جس میں صوبے کے مختلف اضلاع کی درجنوں ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ اب تک تقریباً 50 سے زائد ٹیمیں ٹورنامنٹ میں شریک ہو چکی ہیں اور کالج گراؤنڈ لورالائی شائقین کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
کالج گراؤنڈ میں کھیلے گئے اہم سیمی فائنل میں نوشکی کلب اور کوئٹہ کلب مدمقابل ہوئیں۔ سنسنی خیز مقابلے میں نوشکی کلب نے کوئٹہ کلب کو 2-0 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔
میچ کے مہمانِ خصوصی اسسٹنٹ کمشنر لورالائی ندیم اکرم تھے، جن کا انتظامیہ اور منتظمین نے استقبال کیا۔ انہوں نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے تعارف حاصل کیا۔ میچ کے اختتام پر خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہار اور جیت کھیل کا حصہ ہے، اصل کامیابی بہترین کھیل، نظم و ضبط اور سپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ ہے۔
ندیم اکرم نے کہا کہ جہاں کھیل کے میدان آباد ہوتے ہیں وہاں اسپتال ویران ہوتے ہیں، اس لیے نوجوانوں کو کھیلوں کے مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔ ان کے مطابق ایسے ٹورنامنٹس نوجوانوں کی صلاحیتیں اجاگر کرنے کے ساتھ بلوچستان کے مختلف علاقوں کے نوجوانوں کو قریب لاتے اور بھائی چارے کو فروغ دیتے ہیں۔
ٹورنامنٹ انتظامیہ کے مطابق فائنل میچ 14 اگست 2026 کو کالج گراؤنڈ لورالائی میں کھیلا جائے گا، جس کے لیے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











