آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر کا کوئٹہ کے تھانوں سریاب، شالکوٹ، کچی بیگ اور ایئرپورٹ کا دورہ

کوئٹہ: انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان محمد طاہر نے کوئٹہ کے مختلف تھانوں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی کوئٹہ عمران شوکت، ایس ایس پی آپریشنز کوئٹہ ضیاء مندوخیل اور دیگر پولیس افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ نے آئی جی پولیس بلوچستان کو تھانوں کی سیکیورٹی، نفری اور دیگر انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ آئی جی پولیس نے مختلف تھانوں میں تعینات اہلکاروں سے ملاقات کی اور ان کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا۔
وردی اور ڈیوٹی پولیس اہلکاروں کا فخر
تھانہ ایئرپورٹ، شالکوٹ، کچی بیگ اور تھانہ سریاب کے دورے کے موقع پر جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پولیس بلوچستان نے کہا کہ وردی اور ڈیوٹی پولیس اہلکاروں کا فخر ہیں، جبکہ موجودہ حالات میں ان کی پیشہ ورانہ ذمہ داری مزید اہم ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان پولیس دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں عوام کے جان و مال کے تحفظ اور قانون کی عملداری کے لیے ہراول دستے کے طور پر اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہی ہے۔ عوام کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ ناممکن ہے۔
آئی جی پولیس نے جوانوں کی ہمت اور بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات کا مقابلہ پرعزم حوصلے اور دلیری سے کیا جائے گا۔ انہوں نے اہلکاروں کو ڈیوٹی کے دوران جسمانی و ذہنی طور پر چاق و چوبند اور چوکس رہنے کی ہدایت بھی کی۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کے جوان فرض کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ شہریوں کے حقوق اور عزتِ نفس کا احترام ملحوظِ خاطر رکھیں، کیونکہ بلند اخلاق اور مثبت رویہ ہی محکمے کی نیک نامی کا باعث رہا ہے۔
آئی جی پولیس کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں کا شیوہ رہا ہے کہ وہ عوام دشمن عناصر کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہتھیار پولیس کا فخر ہے جو جرائم پیشہ عناصر کے خلاف اور امن و امان کے استحکام کے لیے استعمال ہوتا ہے۔



تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











