وزیراعظم شہباز شریف کی انطالیہ میں عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں، غزہ اور خطے کی صورتحال زیرِ غور

انطالیہ: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ کے شہر انطالیہ میں منعقدہ COP31 میں پاکستان کی نمائندگی کے دوران عالمی رہنماؤں سے غیر رسمی ملاقاتیں کیں، جن میں غزہ اور خطے کی صورتحال سمیت مختلف امور زیرِ غور آئے۔
بدھ کو جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم کی ملاقاتیں مملکت سعودی عرب کے وزیرِ توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان آل سعود، بنگلہ دیش کے وزیراعظم طارق رحمن اور اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل اسماعیل اولد شیخ احمد سے ہوئیں۔
وزیراعظم کی فلسطین کے وزیراعظم محمد مصطفیٰ سے بھی ملاقات ہوئی، جس میں شہباز شریف نے فلسطینی عوام کے ساتھ حکومت اور پاکستان کے عوام کی جانب سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔
فلسطینی وزیراعظم نے عالمی سطح پر فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف مؤثر انداز میں آواز اٹھانے اور فلسطینی مؤقف کی تائید پر حکومت اور پاکستان کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے خاتونِ اول ترکیہ امینہ اردوان، شام کے صدر احمد الشرع، مملکت سعودی عرب کے وزیرِ مملکت برائے خارجہ عادل بن احمد الجبیر اور ورلڈ بینک کے صدر اجے بنگا سے بھی ملاقاتیں کیں۔
خوشگوار ماحول میں ہونے والی ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی اور خطے کی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ ملاقاتوں میں موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ممالک کی مشکلات کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی اہمیت پر بھی بات ہوئی۔











