سرحد چیمبر کا ڈریپ سے خیبر پختونخوا کی فارما انڈسٹری کے مسائل کے فوری حل کا مطالبہ

پشاور: سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ملک عمران اسحق نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) سے خیبر پختونخوا کی ادویہ سازی کی صنعت کو درپیش مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات اٹھانے پر زور دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں مختلف وجوہات کی بنا پر صنعت ترقی کے بجائے زوال کا شکار ہے اور تاجر و صنعت کار کافی پریشان حال ہیں۔ ان کی داد رسی، مالی مسائل اور مشکلات کا ازالہ کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کاروبار و صنعت کا پہیہ چلے گا تو معیشت بھی مستحکم اور دیرپا ترقی کی جانب گامزن ہوگی۔
ملک عمران اسحق نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا کی تاجر برادری نے مشکلات کے باوجود ملک و صوبے کی معیشت کی بہتری میں اپنا کردار ادا کیا ہے، جو ایک مسلمہ حقیقت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت مراعات و سہولیات کی فراہمی اور کاروبار کرنے میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے بروقت اور فوری اقدامات کرے۔
ادویہ ساز کمپنیوں کا اجلاس
سرحد چیمبر کے صدر نے گذشتہ روز ادویہ ساز کمپنیوں کے مالکان اور نمائندوں کے وفد کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ چیمبر کی قیادت انفرادی کوششوں کے بجائے اجتماعی عمل، مشاورت اور مشترکہ اقدامات کے ذریعے کاروباری برادری کی خدمت کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کاروباری اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھنے، ان کے مسائل کی نشاندہی کرنے اور انہیں متعلقہ وفاقی و صوبائی حکام تک پہنچانے کے لیے شعبہ وار فوکل پرسنز مقرر کیے گئے ہیں۔ زمینی حقائق کا جائزہ لینے، حکومتی اقدامات پر رائے فراہم کرنے اور تاجروں کے تحفظات کے حل تلاش کرنے کے لیے شعبہ وار ورکنگ کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔
فارما انڈسٹری کے وفد کی قیادت چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن ندیم شہزاد نے کی، جنہوں نے ادویہ ساز کمپنیوں سے متعلق متعدد مسائل اجاگر کیے۔ اجلاس میں سینئر نائب صدر نعیم الرحمان، سابق صدر جنید الطاف، ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین، چیمبر کے سیکرٹری جنرل مقتصد احسن اور فارماسیوٹیکل صنعتوں کے مالکان نے شرکت کی۔
فیکٹری مالکان نے ڈریپ کی خصوصی کمیٹی کی جانب سے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کو واپس لینے کے فیصلے پر تشویش ظاہر کی اور مطالبہ کیا کہ اس فیصلے پر نظرثانی کی جائے اور ملک بھر میں ادویات کی قیمتوں کے تعین کے لیے یکساں پالیسی نافذ کی جائے۔
مینوفیکچررز نے ادویات کی تیاری سے متعلق ایک مسئلہ بھی اٹھایا۔ کارخانہ داروں کے مطابق ناخالصی (impurity) کے مسئلے کی وجہ سے ادویات کی پوری کی پوری کھیپیں (batches) مسترد کر دی گئی تھیں۔ صنعت کاروں نے ادویات کی غلط لیبلنگ اور ڈائریکٹرز کی ذمہ داریوں کی نشاندہی بھی کی۔
صدر ملک عمران اسحق نے یقین دہانی کرائی کہ وہ وفاقی وزیر صحت اور ڈریپ کے اعلیٰ حکام کے ساتھ اجلاس کا اہتمام کریں گے تاکہ اجلاس میں پیش کیے گئے تمام مسائل حل کیے جا سکیں۔ چیمبر کے صدر نے یاد دلایا کہ سیکٹر کی سطح پر اجلاسوں کا آغاز کر دیا گیا ہے اور تمام معاملات کے حل کے لیے جامع حکمت عملی وضع کی جائے گی۔











