حکومت کی مولانا فضل الرحمان سے ایک اور مفاہمتی کوشش، ایاز صادق کی قیادت میں وفد ملاقات کرے گا

اسلام آباد: حکومت نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے رابطے بڑھانے اور سیاسی مفاہمت کی کوششیں تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی قیادت میں حکومتی وفد جلد مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کرے گا۔
ذرائع کے مطابق حکومتی وفد کی متوقع ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، حکومت اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے درمیان اختلافات اور سیاسی کشیدگی کم کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی وفد مولانا فضل الرحمان کو سیاسی معاملات مذاکرات کے ذریعے حل کرنے اور حکومت کے ساتھ مل کر چلنے کی دعوت دے گا۔ اس دوران سیاسی تناؤ کم کرنے اور مفاہمت کی فضا قائم کرنے پر بھی زور دیا جائے گا۔
ملاقات کے دوران مولانا فضل الرحمان کے تحفظات دور کرنے اور حکومت و جمعیت علمائے اسلام (ف) کے درمیان سیاسی فاصلے کم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق حکومتی وفد مولانا فضل الرحمان کو حکومت مخالف اور ریاست مخالف بیانیے سے گریز کرنے پر آمادہ کرنے کی بھی کوشش کرے گا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق وفد کی ملاقات کا بنیادی مقصد سیاسی مفاہمت کو فروغ دینا، اختلافات کم کرنا اور مذاکرات کے ذریعے معاملات کو آگے بڑھانا ہے۔ حکومت کی جانب سے اس رابطے کو سیاسی کشیدگی میں کمی اور سیاسی جماعتوں کے درمیان بہتر تعلقات کے قیام کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔











