گوادر: ماہی گیروں کا ڈپٹی کمشنر نقیب اللہ کاکڑ سے بیچ چم مچھلی کے شکار پر پابندی کے جائزے کا مطالبہ

گوادر: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے عوام دوست وژن کے مطابق ضلعی انتظامیہ گوادر عوامی مسائل کے بروقت اور مؤثر حل کے لیے متحرک ہے۔ اسی سلسلے میں ماہی گیروں کے ایک نمائندہ وفد نے ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ سے ملاقات کی اور بیچ چم مچھلی کے شکار سے متعلق مسائل، روزگار سے وابستہ مشکلات اور فشریز سیکٹر کے امور پر تفصیلی گفتگو کی۔
وفد نے ڈپٹی کمشنر کو بتایا کہ بیچ چم مچھلی کے شکار پر عائد پابندی کے باعث سینکڑوں ماہی گیروں اور ان کے خاندانوں کا روزگار متاثر ہو رہا ہے۔ انہوں نے درخواست کی کہ اس معاملے کا ازسرِ نو جائزہ لے کر ایسا حل نکالا جائے جس سے ماہی گیروں کے معاشی مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ وفد نے حالیہ مالی نقصانات کے ازالے اور متعلقہ معاملات کو قانون کے مطابق حل کرنے کی بھی درخواست کی۔
وفد کا مؤقف تھا کہ بیچ چم ایک اہم برآمدی مچھلی ہے جس کی بین الاقوامی منڈی میں نمایاں طلب ہے اور اس کی تجارت سے ضلع گوادر کے سینکڑوں خاندانوں کا روزگار وابستہ ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ضلعی انتظامیہ اس معاملے میں مثبت پیش رفت یقینی بنائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نقیب اللہ کاکڑ نے وفد کے مسائل تفصیل سے سنے اور یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ ماہی گیروں کے جائز تحفظات کو سنجیدگی سے لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکموں سے مشاورت کے ذریعے تمام قانونی اور انتظامی پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا تاکہ ایسا متوازن اور پائیدار حل نکالا جا سکے جو قانون، عوامی مفاد اور ماہی گیروں کے روزگار کے تحفظ سے ہم آہنگ ہو۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر مسائل کے دیرپا حل پر یقین رکھتی ہے اور عوامی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے ایسے اقدامات کیے جائیں گے جن سے مقامی ماہی گیروں کے معاشی مفادات کا تحفظ، فشریز سیکٹر کی ترقی اور قانون پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











