رکھنی: ڈویژنل ڈائریکٹر ہیلتھ کا بنیادی مرکزِ صحت کا اچانک دورہ، سہولیات کا جائزہ
بارکھان/رکھنی: ڈویژنل ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کوہِ سلیمان ڈویژن رکھنی ڈاکٹر مہردین کھیتران نے 27 اکتوبر 2026ء کو بنیادی مرکزِ صحت (BHU) رکھنی کا اچانک دورہ کیا اور مرکز میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، عملے کی حاضری اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران انہوں نے حفاظتی ٹیکہ جات کے توسیعی پروگرام (EPI)، نیوٹریشن سینٹر اور مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ (MCH) سینٹر کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر متعلقہ ریکارڈ، عملے کی حاضری اور دیگر انتظامی امور کی جانچ پڑتال بھی کی گئی، جبکہ مرکز میں دستیاب طبی سہولیات اور ادویات کے ذخیرے کا جائزہ لیا گیا۔
ڈویژنل ڈائریکٹر نے صحت مرکز میں عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا معائنہ کرتے ہوئے طبی خدمات کی بہتری، عملے کی پابندیِ وقت اور مریضوں کو معیاری علاج کی فراہمی کی اہمیت پر زور دیا۔
حکومتِ بلوچستان کی عوام دوست پالیسیوں کے تحت دور دراز علاقوں میں صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے اور عوام کو ان کی دہلیز پر معیاری طبی خدمات کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری ہیں۔











