ایمان فاطمہ کی ناقابل شکست 88 رنز، واریئرز کی چیمپئنز پر پانچ وکٹوں سے فتح

لاہور: پی سی بی ویمنز سپر تھری ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے دوسرے میچ میں واریئرز نے چیمپئنز کو پانچ وکٹوں سے ہرا دیا۔
چیمپئنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے شوال ذوالفقار کے 44، سائرہ جبین کے ناقابل شکست 33 اور نجیہہ علوی کے ناقابل شکست 32 رنز کی بدولت 164 رنز بنائے۔ شوال ذوالفقار نے تین چھکے اور دو چوکے، سائرہ جبین نے پانچ چوکے اور ایک چھکا، جبکہ نجیہہ علوی نے دو چھکے اور تین چوکے لگائے۔
جواب میں واریئرز نے 165 رنز کا ہدف 19.5 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ واریئرز کی جانب سے ایمان فاطمہ نے پانچویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابل شکست 88 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔
انہوں نے صرف 39 گیندوں پر آٹھ چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے یہ رنز بنائے۔ جب ایمان فاطمہ کریز پر آئیں تو واریئرز کو 72 گیندوں پر 117 رنز درکار تھے، تاہم ان کی شاندار بیٹنگ نے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کر دیا۔











