حافظ نعیم الرحمن: کراچی میں مینڈیٹ چوری کا الزام، لانگ مارچ کی تیاری

کراچی: امیرِ جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام نے جماعتِ اسلامی کو ووٹ دیا ہے، ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا اور قبضہ میئر کو ہم پر مسلط کر دیا گیا۔
انہوں نے کراچی کے علاقے گودھرا کالونی میں ماڈل اسکول کی افتتاحی تقریب کے دوران بتایا کہ جماعتِ اسلامی کے ٹاؤنز میں ترقیاتی کام جاری ہیں اور ہمارے ٹاؤن چیئرمین اختیارات سے بڑھ کر کام کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق کراچی میں میئر نے اختیارات روکے ہوئے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہم طویل عرصے سے پیٹرولیم لیوی ٹیکس کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں۔ ملک میں ڈھائی کروڑ لوگوں کی سواری موٹر سائیکل ہے، پیٹرول کی قیمت کم ہو جائے گی تو عوام کا جینا بھی آسان ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان زرعی ملک ہے مگر یہاں گندم کو تباہ کر دیا گیا۔ یہ بحران پیدا کر کے گندم درآمد کی جاتی ہے اور اس سے کمائی کی جاتی ہے۔
گیس لوڈشیڈنگ کی وجہ سے گھریلو خواتین کو مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ حکومت آئی پی پیز کا معاملہ کیوں نظر انداز کر رہی ہے، ملک کی معاشی صورتِ حال سب کے سامنے ہے۔
امیرِ جماعتِ اسلامی نے کہا کہ ہم لانگ مارچ کی تیاری کر رہے ہیں، اسلام آباد جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں 10 کلو آٹا 2 ہزار روپے میں فروخت ہو رہا ہے، اور صوبائی حکومت کی سرپرستی میں زمینوں پر قبضے ہو رہے ہیں۔











