بنوں سے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی نسیم علی شاہ 30 روز کے لیے ایم پی او کے تحت نظر بند

کوہاٹ: بنوں سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی نسیم علی شاہ کو حراست میں لے کر 3 ایم پی او کے تحت 30 روز کے لیے ہری پور سینٹرل جیل میں نظر بند کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر بنوں ضیاء الرحمن کے دستخط سے جاری حکم نامے میں مغربی پاکستان مینٹیننس آف پبلک آرڈر (ایم پی او) آرڈیننس 1960 کے سیکشن 3 کے تحت نظر بندی کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
سرکاری اعلامیہ کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بنوں کی رپورٹ کی روشنی میں نسیم علی شاہ پر ریاست مخالف سرگرمیوں، غیر قانونی احتجاج اور سڑکیں بند کرنے کے لیے عوام کو اکسانے میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ اعلامیے میں ان سرگرمیوں کو علاقے میں امن و امان کے لیے خطرہ قرار دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مقامی پولیس نے گزشتہ روز نسیم علی شاہ کو گرفتار کیا تھا، جس کے بعد ڈپٹی کمشنر بنوں نے انہیں ایم پی او کے تحت 30 روز کے لیے نظر بند کرنے کے احکامات جاری کیے۔ بعدازاں انہیں ہری پور سینٹرل جیل منتقل کر دیا گیا۔











