نیب خیبرپختونخوا کا رکن اسمبلی ڈاکٹر امجد علی کو طلبی کا نوٹس، آمدن سے زائد اثاثوں کی انکوائری

پشاور: قومی احتساب بیورو (نیب) خیبرپختونخوا نے آمدن سے زائد اثاثوں اور مبینہ کرپشن کی انکوائری میں صوبائی اسمبلی کے رکن ڈاکٹر امجد علی سمیت پانچ افراد کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔ ڈاکٹر امجد علی کو منگل کو پشاور میں بیورو کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈاکٹر امجد علی وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ بھی ہیں۔ انہیں نیب کے حیات آباد دفتر میں طلب کیا گیا ہے۔ نیب کے مطابق انکوائری ایک شکایت موصول ہونے پر شروع کی گئی۔
ان کے علاوہ باچا سید، محمد عارف شاہ، سراج احمد اور نوید احمد کو بطور گواہ بلایا گیا ہے۔ انہیں 20 سے 22 اکتوبر کے درمیان بیورو کے سامنے پیش ہونا ہے۔
نیب نے مختلف ہاؤسنگ سوسائٹیوں سے الاٹمنٹ، ملکیت اور ادائیگیوں کی تفصیلات سمیت جائیدادوں کا ریکارڈ مانگا ہے۔ اکاؤنٹنٹ جنرل خیبرپختونخوا سے ڈاکٹر امجد علی کی تنخواہ، الاؤنسز، مراعات اور سفری اخراجات کا ریکارڈ بھی طلب کیا گیا ہے۔











