سندھ کابینہ کا اجلاس آج، چینی کی برآمد سمیت 24 نکاتی ایجنڈے پر غور ہوگا

کراچی: سندھ کابینہ کا اجلاس آج (منگل) صبح 11 بجے وزیراعلیٰ ہاؤس سیکریٹریٹ میں ہوگا، جس میں چینی کی برآمد، زرعی انکم ٹیکس، گیس رائلٹی پالیسی اور دیگر اہم معاملات سمیت 24 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔
اجلاس میں 2 لاکھ میٹرک ٹن چینی کی برآمد کے لیے وفاقی حکومت کو خطوط ارسال کرنے کی توثیق سے متعلق معاملہ زیر غور آئے گا۔
کابینہ سندھ گورنمنٹ لینڈز مینجمنٹ ایکٹ 2026 اور سندھ پراپرٹی ریونیو انہانسمنٹ پروگرام کا بھی جائزہ لے گی۔ موٹر وہیکلز آرڈیننس میں ترامیم کے ذریعے ڈیجیٹل نظامِ حکمرانی، سڑکوں کی حفاظت اور ٹرانسپورٹ کے ضوابط کو مؤثر بنانے کی تجاویز پر بھی غور کیا جائے گا۔
ایجنڈے میں کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن ایکٹ 2023 میں مجوزہ ترامیم اور چنیسر گوٹھ ڈسپنسری کو اپ گریڈ کرنے کا معاملہ بھی شامل ہے۔
کابینہ ان سمیت دیگر امور پر غور اور متعلقہ تجاویز کی منظوری سے متعلق فیصلے کرے گی۔











