انگلینڈ کے خلاف 320 رنز کا ہدف ذہن میں تھا، فٹنس اور ریفلیکسز پر کام کرنا ہوگا: حسین طلعت

راولپنڈی: پاکستان کے آل راؤنڈر بلے باز حسین طلعت نے کہا ہے کہ ٹیم کی سوچ یہی تھی کہ بورڈ پر 320 رنز بنائے جائیں تو میچ جیتا جا سکتا ہے، اور اسی پلان کے ساتھ آگے بڑھے۔
میچ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ذہن میں 240 رنز تک پہنچنے یا وہاں تک چیز کرنے کا ہدف تھا، تاہم عرفات جس طرح کھیلے اس کا کریڈٹ انہیں جاتا ہے اور ان کی یہ کارکردگی پاکستان کرکٹ کے لیے بہت اچھا سائن ہے۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ عرفات نے بیٹنگ کے ساتھ ساتھ بہترین باؤلنگ بھی کی، وہ ایک اچھے باؤلر ہیں اور ان کی یہ کارکردگی ٹیم کے لیے فائدہ مند ہے۔
فٹنس پر مزید کام کی ضرورت
اپنی بیٹنگ کے حوالے سے حسین طلعت نے کہا کہ ہر کھلاڑی کا اپنا پلان ہوتا ہے جبکہ کوچ کا اپنا، لیکن ہمارا مقصد 300 پلس رنز کا ٹارگٹ دینا تھا۔
انہوں نے کہا کہ میں کریز پر سیٹ تھا اور لگ رہا تھا کہ ٹیم کو 330 کے اسکور تک لے جائیں گے لیکن بدقسمتی سے آؤٹ ہو گیا۔ انگلینڈ کی گیند بہت اچھی تھی، تاہم مجھے اپنی فٹنس مزید بہتر کرنا پڑے گی کیونکہ محسوس ہو رہا تھا کہ میرے ریفلیکسز تھوڑے سلو ہو گئے ہیں جن پر کام کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انگلینڈ کی ٹیم دنیا کی ٹاپ فور یا فائیو ٹیموں میں شمار ہوتی ہے اور ایسی بڑی ٹیم کے خلاف پرفارم کرنا ایک چیلنج ہوتا ہے، میری کوشش ہے کہ اس چیلنج کو اچیو کروں۔
حسین طلعت کا کہنا تھا کہ ہم بھی اچھا کھیل رہے ہیں اور جلد ٹاپ لیول کی ٹیموں میں شامل ہوں گے، حارث اور شاہین سمیت پوری ٹیم فارم میں ہے۔











