گوادر ماڈل ہائی اسکول: ڈی ای او زاہد حسین اور میر ارشد کلمتی نے یونیسیف کی ای سی ای کٹس حوالے کیں

گوادر: ضلعی آفیسر تعلیم گوادر زاہد حسین اور میر عبدالغفور کلمتی ویلفیئر فاؤنڈیشن کے چیئرمین میر ارشد کلمتی نے یونیسیف کے ضلعی پروگرام منیجر عادل نودیزئی، ڈسٹرکٹ ٹریننگ منیجر سقر ناصر، پرنسپل مجید کے بی اور دیگر اساتذہ کے ہمراہ گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی اسکول گوادر کا دورہ کیا، جہاں اسکول ڈویلپمنٹ پلان کے تحت جاری و مکمل ترقیاتی کاموں، تعلیمی سہولیات اور تدریسی ماحول کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر زاہد حسین بلوچ اور میر ارشد کلمتی نے ECE کلاس روم کا دورہ کیا اور یونیسیف کی فراہم کردہ ECE کٹس اساتذہ اور طلبہ کے حوالے کیں۔ بعد ازاں انہوں نے کشتی سازی اسکلز سینٹر کا معائنہ کرتے ہوئے طلبہ کی عملی مہارت، تخلیقی صلاحیتوں اور محنت کو سراہا۔
میر ارشد کلمتی نے کہا کہ معیاری تعلیم کے ساتھ فنی و عملی مہارتوں کا فروغ نوجوانوں کو باصلاحیت، خودانحصار اور مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے قابل بنانے کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے محکمہ تعلیم اور یونیسیف کے اقدامات کو سراہتے ہوئے تعلیمی شعبے کی بہتری کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











