تربت ٹیچنگ ہسپتال میں سی پی ایس پی امتحانی مرکز فعال، مکران میں امتحانات 6 اکتوبر سے شروع ہوں گے

تربت: مکران میں پوسٹ گریجویٹ طبی تعلیم کے حوالے سے اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے ٹیچنگ ہسپتال تربت میں کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان (CPSP) کا امتحانی مرکز قائم اور فعال کر دیا گیا ہے۔
سی پی ایس پی کی ٹیم نے ٹیچنگ ہسپتال تربت کے اکیڈمک بلاک کا دورہ کیا، امتحانی سہولیات کا معائنہ کیا اور امتحانی مرکز کے لیے تکنیکی انتظامات مکمل کیے۔ ڈائریکٹر آئی ٹی سی پی ایس پی شہزاد عابد نے تربت مرکز میں آئی ٹی پر مبنی امتحانی نظام نصب کیا اور سی پی ایس پی کے معیار کے مطابق امتحانات کے انعقاد کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر پرنسپل مکران میڈیکل کالج تربت ڈاکٹر افضل خالق، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ٹیچنگ ہسپتال تربت ڈاکٹر وحید بلیدی اور دیگر فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔
شہزاد عابد نے بتایا کہ مکران مرکز میں سی پی ایس پی کے امتحانات 6 اکتوبر 2026 سے شروع ہوں گے، اور انہوں نے مرکز کے قیام میں تعاون پر مکران میڈیکل کالج اور ٹیچنگ ہسپتال تربت کی انتظامیہ کو سراہا۔
تربت میں امتحانی مرکز کے قیام سے پوسٹ گریجویٹ ٹرینیز کو اپنے تربیتی مرکز کے قریب امتحان دینے کی سہولت ملے گی اور دیگر شہروں کا سفر کرنے کی ضرورت کم ہو جائے گی۔ دونوں اداروں کی انتظامیہ نے خطے میں پوسٹ گریجویٹ طبی تعلیم اور امتحانی سہولیات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











