لورالائی: ڈپٹی کمشنر کا یونیورسٹی آف لورالائی میں BSDI کے تحت زیرِ تعمیر آئی ٹی ہب کا دورہ

لورالائی: ڈپٹی کمشنر لورالائی کیپٹن (ر) محمد حسیب شجاع نے بریگیڈیئر نغمان نزیر کے ہمراہ یونیورسٹی آف لورالائی میں بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو (BSDI) کے تحت زیرِ تعمیر جدید آئی ٹی ہب کا دورہ کیا اور منصوبے پر جاری تعمیراتی کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر میجر کامران، ایکسین بلڈنگز محمد نعیم، وائس چانسلر یونیورسٹی آف لورالائی کے پی ایس او خالد خان اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ محکمہ بلڈنگز اینڈ روڈز (B&R) کے انجینئر نے منصوبے کے مختلف پہلوؤں، تعمیراتی پیش رفت اور فراہم کی جانے والی سہولیات کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر کو تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ یونیورسٹی آف لورالائی میں BSDI کے تحت جدید سہولیات سے آراستہ آئی ٹی ہب تعمیر کیا جا رہا ہے، جہاں طلبہ و طالبات کو انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق جدید سہولیات اور سیکھنے کے مواقع میسر آئیں گے۔ منصوبے کی تکمیل سے طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل لرننگ اور آئی ٹی کے شعبے میں اپنی صلاحیتیں بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ BSDI کے تحت جاری ترقیاتی منصوبے علاقے کی تعمیر و ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے نہایت اہم ہیں، اور جدید آئی ٹی ہب کا قیام نوجوان نسل کو جدید ٹیکنالوجی سے استفادے کے بہتر مواقع فراہم کرے گا، جس سے ان کی تعلیمی، فنی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزید نکھار آئے گا۔
انہوں نے متعلقہ حکام اور ٹھیکیدار کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کام مقررہ مدت کے اندر تیز رفتاری، شفافیت اور اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ BSDI کے منصوبوں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ قابلِ قبول نہیں ہوگا اور تعمیراتی پیش رفت اور معیار کی مسلسل نگرانی جاری رکھی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ لورالائی عوامی مفاد کے تمام ترقیاتی منصوبوں کی خود نگرانی کر رہی ہے تاکہ سرکاری وسائل کا مؤثر استعمال یقینی بنایا جا سکے اور منصوبے مقررہ معیار اور مدت کے مطابق مکمل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں کسی بھی قسم کی غفلت، تاخیر یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











