گورنر جعفر خان مندوخیل: بلوچستان کے لیپ ٹاپ کوٹے میں 18 فیصد اضافہ، سرکاری جامعات کی رینکنگ دوگنا ہوئی

کوئٹہ: گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ صوبے کے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع دینا، انہیں تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا اور روزگار فراہم کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے تاکہ وہ قومی دھارے میں شامل ہو کر ملک و صوبے کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔
وہ پروگریسیو کلائمیٹ فاؤنڈیشن اور پاکستان مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے زیرِ اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر میر عاصم کرد گیلو، رکن قومی اسمبلی اختر بی بی، رکن صوبائی اسمبلی زرک خان مندوخیل، وزیراعظم یوتھ پروگرام بلوچستان کے فوکل پرسن سجاد رئیسانی، یونس بلوچ، چوہدری شبیر اور عبدالوہاب اٹل اچکزئی بھی موجود تھے۔
گورنر نے کہا کہ پاکستان نے ہمیں خوشی اور عزت دی ہے۔ ہم اپنے قائد میاں محمد نواز شریف کے وژن اور مشن کے مطابق آگے بڑھ رہے ہیں اور صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان کسی بھی ملک کا قیمتی سرمایہ اور روشن مستقبل کی ضمانت ہوتے ہیں، اس لیے انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار، عملی تربیت اور آگے بڑھنے کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا ضروری ہے۔ گورنر نے بتایا کہ نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع اور معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے انہوں نے اقوامِ متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں بھی آواز اٹھائی ہے، اور امید ظاہر کی کہ ان کوششوں کے ثمرات بلوچستان کے نوجوانوں تک پہنچیں گے اور ان کے لیے ترقی کے نئے راستے کھلیں گے۔
لیپ ٹاپ کوٹے میں 18 فیصد اضافہ
گورنر مندوخیل نے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے لیے لیپ ٹاپ کوٹے میں 18 فیصد اضافہ ایک اہم اقدام ہے۔ جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل سہولیات تک رسائی سے طلبہ کو تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے، اپنی صلاحیتیں نکھارنے اور روزگار کے نئے مواقع حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے نوجوانوں کی بہتر رہنمائی اور انہیں مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر ہم نوجوان نسل کو سنبھالنے، ان کی صلاحیتیں نکھارنے اور انہیں درست سمت میں گامزن کرنے میں کامیاب ہو گئے تو درحقیقت پورے ملک کا مستقبل سنوار دیں گے۔ نوجوانوں کی تعلیم، تربیت اور کردار سازی میں سرمایہ کاری پاکستان کی ترقی اور استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔
سرکاری جامعات کی رینکنگ دوگنا
پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ مسلسل محنت، مؤثر نگرانی اور تعلیمی معیار میں بہتری کی کوششوں کے نتیجے میں صوبے کی تمام سرکاری جامعات کی رینکنگ میں دوگنا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ جامعات میں تعلیمی معیار مزید بہتر بنانے، تحقیقی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور طلبہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم دینے کی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
گورنر نے تنظیمی فعالیت اور نوجوانوں کو متحرک کرنے کے لیے صوبائی وزیر میر عاصم کرد گیلو، رکن قومی اسمبلی اختر بی بی، رکن صوبائی اسمبلی زرک خان مندوخیل، فوکل پرسن سجاد رئیسانی، میر عطاء اللہ احمد زئی، یونس بلوچ، چوہدری شبیر اور عبدالوہاب اٹل اچکزئی کی کوششوں کو سراہا۔
صوبائی وزیر میر عاصم کرد گیلو نے کہا کہ نوجوانوں کا کردار ہر شعبے اور ہر سطح پر مسلمہ ہے؛ مستقبل نوجوانوں کا ہے اور وہی اپنی محنت اور عزم سے پاکستان اور بلوچستان کی ترقی و خوشحالی میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔ رکن قومی اسمبلی اختر بی بی نے کہا کہ نوجوان کسی بھی ملک و قوم کا قیمتی سرمایہ اور مستقبل ہوتے ہیں۔ رکن صوبائی اسمبلی زرک خان مندوخیل نے کہا کہ ہم نوجوانوں کی مثبت رہنمائی اور انہیں درست سمت میں آگے بڑھانے کے لیے پُرعزم ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ ان کی پوشیدہ صلاحیتیں نکھار کر ملک و قوم کے بہترین مفاد میں بروئے کار لائیں۔


تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











