گوادر پولیس بھرتی: دوڑ ٹیسٹ میں رہ جانے والے امیدواروں کو 9 ستمبر کو دوبارہ موقع، ایس ایس پی کا اعلان

گوادر: سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس گوادر عطاءالرحمٰن ترین نے گوادر پولیس میں کانسٹیبلز کی بھرتی کے دوران دوڑ کے مرحلے میں رہ جانے والے امیدواروں کو ایک اور موقع دینے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دوڑ ٹیسٹ میں رہ جانے والے تمام امیدوار 9 ستمبر کو ایس ایس پی آفس گوادر میں لازماً حاضر ہوں، جہاں ان کا دوبارہ ریس ٹیسٹ لیا جائے گا۔
ایس ایس پی نے کہا کہ گوادر کے نوجوانوں کو میرٹ اور شفافیت کے اصولوں کے تحت زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنا پولیس کی ترجیحات میں شامل ہے۔ موجودہ حالات میں نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، اس لیے کسی اہل امیدوار کو معمولی کمی یا ایک موقع ضائع ہونے کی وجہ سے محروم نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ اپنے بچوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کریں اور انہیں محنت اور تیاری کی ترغیب دیں۔ پولیس میں بھرتی سے مقامی نوجوانوں کو باعزت روزگار کے ساتھ عوامی خدمت اور امن و امان کے قیام میں کردار ادا کرنے کا موقع ملے گا۔
انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ 9 ستمبر کو مقررہ وقت پر ایس ایس پی آفس پہنچیں اور دوبارہ ریس ٹیسٹ میں بھرپور عزم کے ساتھ حصہ لیں۔ گوادر پولیس نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے انہیں قومی و عوامی خدمت کا حصہ بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











