گوادر: میر کلمتی اسپورٹس فیسٹیول 2026 کے گرلز گیمز، کرکٹ اور فٹسال میں طالبات کے سنسنی خیز مقابلے

گوادر: میر کلمتی انٹر ایجوکیشنل اسپورٹس فیسٹیول 2026 کے گرلز گیمز کے دوسرے اور تیسرے روز بھی مختلف کھیلوں کے سنسنی خیز مقابلے جاری رہے۔ کرکٹ اور فٹسال میں طالبات نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے اگلے مراحل کے لیے کوالیفائی کیا۔
گرلز کرکٹ کے تیسرے روز گوادر گرائمر اسکول نے آرمی پبلک اسکول گوادر کو اور گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول کلانچی پاڑہ نے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج گوادر کو شکست دے کر اگلے راؤنڈ میں جگہ بنائی۔ اسی روز فٹسال میں یونیورسٹی آف گوادر نے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول ملابند کو اور دارالعلوم پبلک اسکول نے گوادر گرائمر اسکول کو ہرا کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔
دوسرے روز کرکٹ میں گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول جہلی ڈھور نے دارالعلوم پبلک اسکول کو اور گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول گوادر نے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول شمبے اسماعیل کو شکست دی، جبکہ گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول گوادر نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔
مقابلوں کے مہمانانِ خصوصی میں ناصر رحیم سہرابی، شہناز ہوت، ڈاکٹر رابعہ اسلم، ایڈووکیٹ حمیدہ اختر نواز اور ڈاکٹر روبینہ نذیر شامل تھے، جنہوں نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور گرلز اسپورٹس کے فروغ کے لیے میر ارشد کلمتی اور ان کی مینجمنٹ کمیٹی کی کاوشوں کو سراہا۔ فیسٹیول کے انعقاد میں محکمہ تعلیم گوادر، گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کا تعاون حاصل ہے۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











