کمشنر خضدار قادر بخش پرکانی کی زیرِ صدارت پی ایس ڈی پی اجلاس، ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت

خضدار: کمشنر خضدار ڈویژن قادر بخش پرکانی کی زیرِ صدارت پی ایس ڈی پی (PSDP) کمیٹی 2025 اور 2026 کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈویژن کے متعلقہ محکموں کے سربراہان اور افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں جاری اور مکمل ہونے والے ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں بالخصوص پی ایس ڈی پی فیز ٹو اور فیز تھری کے تحت جاری اور مکمل منصوبوں پر بریفنگ دی گئی، اور افسران نے اپنے محکموں کی کارکردگی، منصوبوں کی پیش رفت اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ اس امر پر زور دیا گیا کہ تمام منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے ساتھ ان کا معیار بھی ہر صورت یقینی بنایا جائے اور کسی غفلت یا کوتاہی کو برداشت نہ کیا جائے۔
کمشنر قادر بخش پرکانی نے کہا کہ حکومت بلوچستان عوام کی فلاح و بہبود کے لیے اجتماعی نوعیت کے ترقیاتی منصوبوں کو ترجیح دے رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبوں کی تکمیل میں رکاوٹیں فوری دور کی جائیں، محکموں کے درمیان رابطہ مؤثر بنایا جائے اور منصوبے شفافیت، معیار اور مقررہ مدت کے مطابق مکمل ہوں۔
کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ آئندہ اجلاس میں ایسے منصوبوں کی نشاندہی بھی کی جائے جن کی تکمیل سے عوام کو فوری اور زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے۔ اجلاس کے اختتام پر ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے، نگرانی کا نظام مؤثر بنانے اور عوامی مفاد کو اولین ترجیح دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











