ڈی سی نصیر آباد وریندر لعل کا چھٹی کے روز ترقیاتی منصوبوں کا دورہ، ٹراما سینٹر اور آئی ٹی ہب کا جائزہ

نصیر آباد: ڈپٹی کمشنر نصیر آباد وریندر لعل نے چھٹی کے روز بھی ایس ڈی او بلڈنگ عابد علی پہنور اور ایس ڈی او روڈز ذوالفقار علی لہڑی کے ہمراہ ضلع میں جاری عوامی فلاح و بہبود کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی دورہ کیا اور تعمیراتی کاموں اور ان کے معیار کا جائزہ لیا۔ دورے کا مقصد سرکاری امور کی انجام دہی اور منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانا تھا۔
انہوں نے واپڈا کالونی میں زیرِ تعمیر باؤنڈری وال (چار دیواری) اور حفاظتی دیوار، ٹراما سینٹر کی بحالی و مرمت، گورنمنٹ بوائز اسپیشل اسکول کی مرمت، گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول شہید سہیل اسلم کی مرمتی سرگرمیوں اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ہب (آئی ٹی ہب) کے قیام سے متعلق جاری کاموں کا جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر نے کاموں کی پیش رفت کا معائنہ کرتے ہوئے منصوبوں کے معیار، تعمیراتی مراحل اور مقررہ مدت میں تکمیل کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ترقیاتی منصوبے عوام کو بہتر سہولیات دینے اور بنیادی ڈھانچہ مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، لہٰذا ان میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے واپڈا کالونی میں باؤنڈری وال اور حفاظتی دیوار کی اہمیت پر زور دیا اور ٹراما سینٹر کی بحالی و مرمت کو صحت کی سہولیات میں بہتری کے لیے اہم قرار دیا۔ گورنمنٹ بوائز اسپیشل اسکول اور گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول شہید سہیل اسلم کی مرمت کو طلبہ کے لیے بہتر، محفوظ اور سازگار تعلیمی ماحول کی فراہمی کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا، جبکہ آئی ٹی ہب کو جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل سہولیات اور نوجوانوں کے لیے معلوماتی و تکنیکی مواقع کے حوالے سے اہم منصوبہ قرار دیا۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام اور ذمہ داران کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے، تعمیراتی معیار یقینی بنایا جائے اور منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ ان کے ثمرات جلد عوام تک پہنچ سکیں۔



تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











