وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی سے نیکٹا کے نیشنل کوآرڈینیٹر میجر جنرل فیصل نصیر کی ملاقات، انسداد دہشت گردی پر بات چیت

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے اتوار کو نیکٹا کے نیشنل کوآرڈینیٹر میجر جنرل فیصل نصیر نے وزیر اعلیٰ ہاؤس کوئٹہ میں ملاقات کی۔
ملاقات میں بلوچستان میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، دہشت گردی کے خلاف اقدامات، انٹیلی جنس کوآرڈینیشن اور پائیدار امن کے قیام کے لیے مربوط حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس دوران انسدادِ دہشت گردی کے شعبے میں نیکٹا اور بلوچستان حکومت کے درمیان تعاون، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعدادِ کار میں اضافے اور دہشت گردی کے تدارک کے لیے باہمی رابطہ کاری کو مزید مؤثر بنانے کے امور بھی زیر غور آئے۔
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے انسدادِ دہشت گردی کے شعبے میں میجر جنرل فیصل نصیر کی گراں قدر خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا اور سووینئر پیش کیا۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











