نصیرآباد ٹریفک حادثہ: 12 متاثرین ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ مراد جمالی لائے گئے، ایک جاں بحق

نصیرآباد: میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ مراد جمالی ڈاکٹر حبیب اللہ پندرانی نے بتایا ہے کہ گزشتہ روز پیش آنے والے روڈ ٹریفک حادثے (RTA) کے نتیجے میں مجموعی طور پر 12 متاثرین کو ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ مراد جمالی لایا گیا، جہاں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی۔
ان کے مطابق متاثرین میں سے ایک شخص ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی جاں بحق ہو چکا تھا، جبکہ ایک شدید زخمی مریض کو گَسپنگ کنڈیشن میں انتہائی تشویشناک حالت میں لایا گیا، جسے ابتدائی طبی امداد کے بعد مزید بہتر اور خصوصی طبی سہولیات کے لیے اعلیٰ مرکزِ صحت ریفر کر دیا گیا۔
حادثے میں 2 مریضوں کے بازو کی ہڈیوں میں فریکچر ہوئے جنہیں فوری طبی امداد دی گئی اور ان کی حالت مسلسل مانیٹر کی جا رہی ہے۔ 8 زخمیوں کو درمیانے درجے کی چوٹیں آئیں جنہیں طبی امداد کے بعد ٹیچنگ ہسپتال کے مردانہ وارڈ میں داخل کر لیا گیا ہے۔ طبی ماہرین کی نگرانی میں ان کا علاج جاری ہے اور صحت یابی کے بعد انہیں ضروری ہدایات کے ساتھ فارغ کر دیا جائے گا۔
ڈاکٹر حبیب اللہ پندرانی نے کہا کہ حادثات اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہسپتال کے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف اپنی ذمہ داریاں پوری تندہی اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دے رہے ہیں۔ ہسپتال انتظامیہ کی کوشش ہے کہ تمام مریضوں کو بروقت، مؤثر اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور ہنگامی صورتحال میں فوری طبی امداد یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کی بہتر نگہداشت کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور ڈاکٹرز، نرسنگ اسٹاف اور دیگر عملہ مسلسل مصروفِ عمل ہے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











