میر کلمتی اسپورٹس فیسٹیول گوادر: گرلز فٹسال میں دارالعلوم پبلک اسکول اور کرکٹ میں گوادر گرامر اسکول فاتح

گوادر: صوبائی حکومت کی کھیل دوست پالیسی کے تحت طلبہ خصوصاً طالبات کو کھیلوں کے مواقع فراہم کرنے کے سلسلے میں میر کلمتی انٹر ایجوکیشنل اسپورٹس فیسٹیول 2026 کے گرلز ایونٹ کے فٹسال اور کرکٹ کے فائنلز کھیلے گئے اور تقریب تقسیم انعامات منعقد ہوئی۔
گرلز فٹسال فائنل میں دارالعلوم پبلک اسکول گوادر نے یونیورسٹی آف گوادر کو، جبکہ کرکٹ فائنل میں گوادر گرامر اسکول نے گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول گوادر کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
فٹسال میں حفصہ نثار ٹاپ اسکورر اور بہترین کھلاڑی جبکہ فضاء ایوب بہترین گول کیپر قرار پائیں۔ کرکٹ میں عائشہ سلام بہترین کھلاڑی اور بہترین بیٹسمین جبکہ عتیقہ ابراہیم بہترین بالر قرار پائیں۔
تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی نورالحق بلوچ تھے۔ تقریب میں میر عبدالغفور کلمتی ویلفیئر فاؤنڈیشن کے چیئرمین میر ارشد کلمتی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر زاہد حسین، ڈی او فیمیل زرا خاتون، پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری مولانا قاسم، یونیورسٹی آف گوادر کے ڈاکٹر رحیم مہر، یونیسف کے ڈسٹرکٹ پروگرام منیجر عادل نودیزئی، فیسٹیول گرلز ایونٹ کی سربراہ بلقیس سلیمان، اساتذہ، اسکول ہیڈز اور طالبات نے شرکت کی۔ مہمانوں نے کامیاب ٹیموں اور کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کیے۔
مقررین نے کہا کہ ایسے مقابلے نوجوانوں میں صحت مند مسابقت، خود اعتمادی، نظم و ضبط اور ٹیم ورک کو فروغ دیتے ہیں اور طالبات کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کے مؤثر مواقع فراہم کرتے ہیں۔ فیسٹیول محکمہ تعلیم، گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی، پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن گوادر اور محکمہ کھیل کے اشتراک سے میر ارشد کلمتی کے زیر اہتمام منعقد کیا جا رہا ہے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











