موسیٰ خیل: ایس ڈی او واپڈا کی ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق خان خجک سے ملاقات، لوڈشیڈنگ کے ازالے پر زور

موسیٰ خیل: 27 اکتوبر 2026 کو ایس ڈی او واپڈا نے ڈپٹی کمشنر موسیٰ خیل عبدالرزاق خان خجک سے ان کے دفتر میں اہم ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران ضلع میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور اس سے جڑے دیگر مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق خان خجک نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ عوام کو بلاجواز اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے واپڈا حکام کو ہدایت کی کہ لوڈشیڈنگ کا فوری طور پر ازالہ کیا جائے اور بجلی کی فراہمی کے نظام میں بہتری لائی جائے تاکہ عام شہریوں، کاروباری طبقے اور بالخصوص طالب علموں کی روزمرہ زندگی متاثر نہ ہو۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ عوامی مسائل کا حل انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
ایس ڈی او واپڈا نے ڈپٹی کمشنر کو یقین دہانی کرائی کہ پیش آمدہ مسائل کو حل کرنے اور بجلی کی بہتر فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام تر اقدامات کیے جائیں گے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











