لورالائی پولیس کے کانسٹیبلز کی ہیڈ کانسٹیبل کے عہدے پر ترقی، ایس ایس پی ڈاکٹر فہد احمد نے رینک لگائے

لورالائی: ضلع لورالائی پولیس کے کانسٹیبلز کی ہیڈ کانسٹیبل کے عہدے پر ترقی کے اعزاز میں تقریب منعقد ہوئی، جس میں ایس ایس پی لورالائی ڈاکٹر فہد احمد، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر کریم مندوخیل، ایس ڈی پی او صدر غلام اکبر سمیت دیگر پولیس افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی۔
ایس ایس پی ڈاکٹر فہد احمد نے ترقی پانے والے اہلکاروں کو فرداً فرداً مبارکباد دی اور انہیں نئی ذمہ داریاں خلوص، دیانت داری اور لگن سے انجام دینے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ ترقی ہر سرکاری ملازم کی پیشہ ورانہ زندگی میں اہم سنگِ میل ہوتی ہے، جو اس کی محنت، قابلیت اور کارکردگی کا اعتراف ہونے کے ساتھ ذمہ داریوں میں اضافہ بھی کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لورالائی پولیس جرائم کے خاتمے، امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ محکمہ کی کارکردگی بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر کریم مندوخیل اور ایس ڈی پی او صدر غلام اکبر نے بھی ترقی پانے والے اہلکاروں کو مبارکباد دی۔ ترقی پانے والے اہلکاروں نے اعلیٰ حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ وہ عوام کی خدمت، قانون کی بالادستی اور امن و امان کے قیام کے لیے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











