لورالائی: بی ایس ڈی آئی منصوبوں میں تاخیر برداشت نہیں، ڈپٹی کمشنر محمد حسیب شجاع کی ایگزیکٹو انجینئرز کو وارننگ

لورالائی: ڈپٹی کمشنر لورالائی کیپٹن (ر) محمد حسیب شجاع کی زیرِ صدارت بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو (BSDI) کے تحت جاری ترقیاتی اسکیموں اور آئندہ منصوبوں کے ٹینڈرنگ کے عمل کا جائزہ لینے کے لیے ایگزیکٹو انجینئرز کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں منصوبہ وار عملی پیش رفت، کام کی رفتار، تعمیراتی معیار اور ٹینڈرنگ کے مراحل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ایگزیکٹو انجینئرز نے جاری منصوبوں اور آئندہ اسکیموں کے ٹینڈرز کی صورتحال سے ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ جاری منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے، تمام اسکیمیں مقررہ مدت میں مکمل کی جائیں اور معیار و تکنیکی تقاضوں کی مکمل پاسداری یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ٹینڈرنگ کے تمام مراحل قواعد و ضوابط اور شفاف طریقہ کار کے مطابق بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ منصوبوں کے آغاز میں غیر ضروری تاخیر نہ ہو۔ ڈپٹی کمشنر نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ناقص کارکردگی، غیر ضروری تاخیر اور سست روی برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ دار افسران و اہلکاروں کا تعین کرکے ان کے خلاف قواعد کے مطابق کارروائی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ بی ایس ڈی آئی کے منصوبے عوامی فلاح و بہبود اور بنیادی سہولیات کی بہتری سے براہِ راست منسلک ہیں، اس لیے ان کی بروقت تکمیل، شفاف عملدرآمد اور معیار کی نگرانی متعلقہ محکموں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











