عالمی یوم خواندگی: ڈویژنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر لورالائی عالم لون کا ہر بچے تک قلم اور کتاب پہنچانے کا عزم

لورالائی: دنیا بھر کی طرح لورالائی میں بھی عالمی یومِ خواندگی منایا گیا، جس کا مقصد تعلیم اور خواندگی کی اہمیت اجاگر کرنا، علم و شعور کے فروغ کے لیے آگاہی پیدا کرنا اور معاشرے کے ہر فرد تک تعلیم کی روشنی پہنچانے کے عزم کی تجدید کرنا ہے۔
اس موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں ڈویژنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر لورالائی عالم لون نے کہا کہ تعلیم، شعور اور آگاہی ہی کسی بھی قوم کی ترقی، خوشحالی اور روشن مستقبل کی اصل ضمانت ہیں۔ کوئی معاشرہ اس وقت تک حقیقی ترقی نہیں کر سکتا جب تک اس کے تمام افراد، خصوصاً نئی نسل کو معیاری تعلیم کے یکساں مواقع نہ ملیں۔
انہوں نے کہا کہ خواندگی صرف پڑھنے لکھنے کا نام نہیں بلکہ یہ انسان میں شعور، سوچ، خود اعتمادی اور بہتر فیصلہ سازی کی صلاحیت پیدا کرتی ہے، اور تعلیم یافتہ افراد ہی مضبوط، پرامن اور ترقی یافتہ معاشرے کی تشکیل میں مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔
عالم لون نے کہا کہ ہمیں اجتماعی طور پر عہد کرنا ہوگا کہ بلوچستان، بالخصوص لورالائی کے ہر بچے تک قلم اور کتاب پہنچائیں گے اور علم کی شمع روشن کر کے جہالت، پسماندگی اور محرومی کے اندھیروں کا خاتمہ کریں گے۔ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور اس کی فراہمی حکومت کے ساتھ والدین، اساتذہ، سماجی تنظیموں اور معاشرے کے تمام طبقات کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک پڑھا لکھا فرد ایک بااختیار خاندان کی بنیاد بنتا ہے، جبکہ ایک خواندہ بلوچستان خوشحال، مضبوط اور ترقی یافتہ پاکستان کی ضمانت ہے۔ جدید دور میں تعلیم کے بغیر ترقی کا تصور ممکن نہیں، اس لیے بچوں اور نوجوانوں کو جدید تعلیم کے ساتھ فنی اور پیشہ ورانہ مہارتوں سے بھی آراستہ کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں، خصوصاً بچیوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں اور کسی بچے کو معاشی یا سماجی مشکلات کی وجہ سے تعلیم سے محروم نہ رہنے دیں، جبکہ اساتذہ سے اپیل کی کہ وہ نئی نسل کی کردار سازی اور علمی تربیت میں بھرپور کردار ادا کریں۔
عالم لون نے کہا کہ ناخواندگی کے خاتمے اور تعلیم کے فروغ کے لیے حکومتی اداروں کے ساتھ سول سوسائٹی، میڈیا اور سماجی تنظیموں کو بھی فعال کردار ادا کرنا ہوگا، اور سب کو عہد کرنا چاہیے کہ اپنے اردگرد ہر بچے کو تعلیم کے مواقع فراہم کرنے، شرح خواندگی میں اضافے اور باشعور، مہذب اور ترقی یافتہ معاشرے کی تشکیل کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کریں گے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











