سیوی: ڈپٹی کمشنر الیاس کبزئی کی صدارت میں پولیو مہم کا اجلاس، 43 ہزار بچے ہدف
سیوی: ڈپٹی کمشنر سیوی میجر (ر) الیاس کبزئی کی زیرِ صدارت انسدادِ پولیو مہم کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں محکمہ صحت، عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)، آئی ایس ڈی، آغا خان یونیورسٹی سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسران اور نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں محکمہ صحت کے حکام نے آنے والی انسدادِ پولیو مہم کے انتظامات، ٹیموں کی تشکیل، مقررہ اہداف اور مہم کے دوران کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
بتایا گیا کہ ضلع سیوی میں مہم کے دوران مجموعی طور پر 43 ہزار 192 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس کے لیے 225 موبائل ٹیمیں، 46 فکسڈ سائٹس اور 22 ٹرانزٹ ٹیمیں خدمات انجام دیں گی۔
ہدایات اور نگرانی
ڈپٹی کمشنر میجر (ر) الیاس کبزئی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسدادِ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں اور عملے کو پوری لگن، محنت اور ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دینا ہوں گے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ مہم کے دوران سیم ڈے کوریج کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو سے بچاؤ کے قطروں سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تمام ویکسینیٹرز اپنی مقررہ یونین کونسلز میں بروقت موجود رہیں اور فیلڈ میں اپنی ذمہ داریاں پوری توجہ کے ساتھ ادا کریں۔
لائن ڈیپارٹمنٹس کے مانیٹرز مہم کے دوران ٹیموں کی کارکردگی کی سخت نگرانی کریں، فیلڈ وزٹس کو یقینی بنائیں اور کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت کی صورت میں فوری رپورٹ کریں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اس قومی فریضے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے اور موثر حکمت عملی کے تحت کام کریں تاکہ مقررہ ہدف کا سو فیصد حصول ممکن بنایا جا سکے۔
انہوں نے محکمہ صحت، ڈبلیو ایچ او، آئی ایس ڈی، آغا خان یونیورسٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں پر زور دیا کہ وہ مہم کی کامیابی کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں اور فیلڈ میں ٹیموں کو درپیش مسائل فوری طور پر حل کریں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کے وژن کے مطابق پولیو سے پاک بلوچستان کے قیام اور بچوں کے محفوظ و صحت مند مستقبل کے لیے انسدادِ پولیو مہم کو کامیاب بنانا حکومت بلوچستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔











