خضدار: کمشنر قادر بخش پرکانی سے سردار مہر اللہ قمبرانی سمیت قبائلی عمائدین کی ملاقات، امن و امان پر بات چیت

خضدار: کمشنر خضدار ڈویژن قادر بخش پرکانی سے قبائلی عمائدین اور سرکاری افسران نے ان کے دفتر میں ملاقات کی، جس میں علاقے کے امن و امان، ترقیاتی کاموں اور عوامی فلاح سے متعلق امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
وفد میں سردار مہر اللہ قمبرانی، سردار حیات خان ساجدی، جے یو آئی سوراب کے جنرل سیکرٹری میر مقبول احمد گرگناڑی، انجینئر عبداللہ گرگناڑی، ڈی ایچ او خضدار ڈاکٹر عبدالحمید لہڑی اور لوکل گورنمنٹ آفیسر عبدالقیوم عمرانی شامل تھے۔ عمائدین نے کمشنر کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور علاقے کے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بنیادی سہولیات کی فراہمی، صحت، تعلیم اور مواصلات کے شعبوں میں بہتری کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے انتظامیہ سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
کمشنر قادر بخش پرکانی نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، حکومت کی پالیسی عوامی خدمت ہے اور اس میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ کوشش ہے کہ دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے عوام کے بنیادی مسائل حل کیے جائیں اور سہولیات ان کی دہلیز تک پہنچائی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ بی ایس ڈی آئی کے تحت عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور صحت، تعلیم اور پینے کے صاف پانی کے متعدد منصوبے اسی پراجیکٹ کے تحت فراہم کیے جا رہے ہیں۔ ملاقات میں باہمی تعاون کو فروغ دینے اور عوامی مسائل حل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











