غیر مشروط مذاکرات ہوں، گرفتار رہنما رہا ہوں، خیبرپختونخوا میں گورنر راج نہ لگے: بیرسٹر گوہر

اسلام آباد (اعتماد ڈیسک): چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے حکومت سے غیر مشروط مذاکرات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک، قوم اور جمہوریت کے لیے مذاکرات کی کامیابی ناگزیر ہے اور خیبرپختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی نہیں لگنی چاہیے۔
میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ صوبہ دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے، بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کی اجازت دی جائے اور گرفتار رہنما رہا کیے جائیں۔ ان کے بقول بانی کے علاج کے لیے ڈاکٹر لندن سے نہیں بلایا گیا، ایسا ڈاکٹر لاہور میں بھی موجود ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وزیراعظم نے مشروط مذاکرات کی پیشکش کی ہے اور حکومت پارٹی پر قدغنیں لگا رہی ہے، مگر سیاسی لوگ غیر مشروط بیٹھتے ہیں؛ پی ٹی آئی نے مذاکرات سے انکار نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت جتنا وقت پریس کانفرنسوں پر لگاتی ہے اتنا مذاکرات پر لگاتی تو مسئلہ حل ہو جاتا؛ حکومتی ارکان سے رابطے ہیں اور کوشش ہے کہ معاملات بات چیت سے طے ہوں۔
انہوں نے واضح کیا کہ محسن نقوی سے رات کو کوئی ملاقات نہیں ہوئی؛ وہ علامہ راجا ناصر عباس سے ملنے آئے اور آل پارٹیز کانفرنس پر مشاورت کی۔ ان کے بقول علامہ ناصر عباس نے درست کہا کہ مشروط مذاکرات نہیں ہوتے۔











