وزیراعظم کی این سی سی آئی اے کی تنظیمِ نو جلد مکمل کرنے اور زیر التوا مقدمات نمٹانے کی ہدایت

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی تنظیمِ نو کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ اسے مؤثر اور جدید ادارہ بنایا جا سکے اور سائبر جرائم کی روک تھام و تحقیقات کا نظام جدید تقاضوں کے مطابق ہو۔
بدھ کو ایجنسی کی تنظیمِ نو سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کو سائبر جرائم سے تحفظ دینا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ این سی سی آئی اے اور اس کے تمام ماتحت دفاتر میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں کے ماہرین تعینات کیے جائیں، جبکہ ادارے میں بہترین اور میرٹ پر مبنی افرادی قوت بھرتی کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ تنظیمِ نو میں مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر توجہ دی جائے اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے زیر التوا سائبر کرائم مقدمات حل کیے جائیں۔
این سی سی آئی اے کی جانب سے پیش کی گئی اصلاحاتی تجاویز کا جائزہ لینے کے لیے وزیراعظم نے کمیٹی بنانے کا حکم دیا، جس میں وفاقی وزرا محسن نقوی، اعظم نذیر تارڑ اور محمد اورنگزیب شامل ہوں گے۔











