فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ملائیشین وزیراعظم سے ملاقات، دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

پتراجایا: چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملائیشیا کے سرکاری دورے کے دوران وزیراعظم انور ابراہیم سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر نے پیر کو جاری بیان میں بتایا کہ دورے کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی اور عسکری تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔
بیان کے مطابق ملاقات پتراجایا میں وزیراعظم کے دفتر پرداناپترا میں ہوئی۔ اس میں دوطرفہ تعلقات، دفاعی و سیکیورٹی تعاون اور خطے و دنیا کی بدلتی سلامتی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر خیالات کا تبادلہ کیا اور علاقائی امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ کے لیے مسلسل رابطے برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملائیشین وزیراعظم نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا گرمجوشی سے خیرمقدم کیا اور پاکستان و ملائیشیا کے درمیان دیرینہ دوستی، باہمی اعتماد اور تعاون کا اعتراف کیا۔ انہوں نے خاص طور پر دفاع اور سیکیورٹی کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔











