ضلعی چیئرمین گوادر شے مختار بلوچ: ضلع کی تمام 13 یونین کونسلز میں یکساں ترقیاتی کام جاری

گوادر: ضلعی چیئرمین گوادر شے مختار بلوچ سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے ملاقات کی اور اپنے مسائل و تجاویز پیش کیں۔ ضلعی چیئرمین نے متعلقہ حکام اور بلدیاتی اداروں کو متعدد مسائل کے فوری حل کی ہدایات جاری کیں، جبکہ کئی مسائل پر موقع پر ہی پیش رفت عمل میں لائی گئی۔
انہوں نے کہا کہ بلدیاتی ادارے عوامی مسائل کے حل کا بنیادی ذریعہ ہیں، اس لیے بلدیاتی نمائندے اپنے علاقوں کے عوام سے مسلسل رابطے میں رہ کر ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔
ضلعی چیئرمین نے کہا کہ ضلعی کونسل گوادر کی تمام 13 یونین کونسلز میں بلاامتیاز اور یکساں بنیادوں پر ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد ہو رہا ہے تاکہ ہر علاقے کے عوام کو بنیادی سہولیات، بہتر انفراسٹرکچر اور ترقی کے یکساں مواقع مل سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مقامی حکومتوں کو بااختیار اور فعال بنا کر ہی عوامی مسائل دہلیز پر حل کیے جا سکتے ہیں۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











