جعفرآباد: ڈپٹی کمشنر خالد خان کی زیر صدارت ای پی آئی کا ماہانہ جائزہ اجلاس، ویکسینیشن اہداف ہر صورت مکمل کرنے کی ہدایت

جعفرآباد: ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کی زیر صدارت ای پی آئی کا ماہانہ جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، بچوں کی ویکسینیشن مہم اور محکمہ صحت کی ماہانہ کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، محکمہ صحت کے ضلعی افسران اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر کو عوامی مفاد میں جاری طبی خدمات اور حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ڈپٹی کمشنر خالد خان نے کہا کہ بچوں کو بروقت حفاظتی ٹیکے لگانا محکمہ صحت کی اولین ذمہ داری ہے، ویکسینیشن کے اہداف ہر صورت مکمل کیے جائیں اور دور دراز علاقوں تک طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اور حفاظتی ٹیکہ جات کے عمل کو مزید موثر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











