ہرنائی: اسسٹنٹ کمشنر کھوسٹ اسرار احمد شاہوانی کا مختلف بینکوں کا دورہ، سیکیورٹی فول پروف بنانے کی ہدایت

ہرنائی: صوبائی حکومت کی اعلیٰ ہدایات اور عوام کے جان و مال اور مالیاتی اداروں کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنانے کے سلسلے میں ضلع ہرنائی میں انتظامیہ متحرک ہو گئی ہے۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر کھوسٹ اسرار احمد شاہوانی نے ضلع ہرنائی کے مختلف بینکوں کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں نافذ العمل سیکیورٹی انتظامات اور حفاظتی تدابیر کا بغور جائزہ لیا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے دورے کے دوران نیشنل بینک آف پاکستان، حبیب بینک لمیٹڈ (HBL) اور بینک اسلامی کی برانچز کا دورہ کیا۔ معائنے کے دوران انہوں نے بینکوں میں تعینات سیکیورٹی گارڈز کی الرٹنس اور تیاری، سی سی ٹی وی کیمروں کی کارکردگی و کوریج، ایمرجنسی الارم سسٹمز، فائر سیفٹی ایکوپمنٹ کی افادیت اور اے ٹی ایم رومز کی سیکیورٹی کا باریک بینی سے معائنہ کیا۔
تمام بینکوں کے برانچ منیجرز نے اسسٹنٹ کمشنر کو اپنے اپنے اداروں میں نافذ العمل سیکیورٹی پروٹوکولز، عملے کے حفاظتی ضوابط اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے طریقہ کار سے متعلق تفصیلی بریفنگز دیں۔
جائزے کے بعد برانچ منیجرز سے گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر کھوسٹ نے واضح کیا کہ تجارتی و مالیاتی اداروں کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے بینک انتظامیہ کو سخت ہدایت کی کہ سیکیورٹی میں موجود تمام فنی یا انتظامی خامیاں بلا تاخیر دور کی جائیں اور سیکیورٹی تدابیر کو مزید فول پروف بنایا جائے تاکہ بینک عملے اور صارفین کا تحفظ یقینی رہے۔
اسسٹنٹ کمشنر اسرار احمد شاہوانی نے تاکید کی کہ تمام ڈیجیٹل اور حفاظتی سسٹمز کو 24 گھنٹے فعال رکھا جائے۔ انہوں نے متعلقہ پولیس حکام کو بھی ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ بینکوں اور اردگرد کے تجارتی مراکز کی سیکیورٹی کے لیے گشت کو مزید مؤثر بنایا جائے اور بینک انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطہ اور فول پروف تعاون برقرار رکھا جائے تاکہ امن و امان کی فضا قائم رہے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











