اورماڑہ: تحصیلدار نور خان بلوچ کا میٹرنل چائلڈ ہیلتھ سنٹر کا دورہ، نئی پائپ لائن سے پانی بحال

اورماڑہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق شہریوں کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کے عزم کے تحت تحصیلدار اورماڑہ نور خان بلوچ نے میٹرنل چائلڈ ہیلتھ سنٹر اورماڑہ کا تفصیلی دورہ کیا۔
انہوں نے سنٹر کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا، عملے کی حاضری چیک کی اور ادویات کے اسٹاک کا جائزہ لیا۔ انچارج میٹرنل چائلڈ ہیلتھ سنٹر ملک آلیہ سے ادارے کو درپیش مسائل، دستیاب طبی سہولیات اور مریضوں کو دی جانے والی خدمات کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کیں۔
تحصیلدار نے سنٹر میں بنیادی سہولیات کا جائزہ لے کر موقع پر ہی ضروری بنیادی ساز و سامان فراہم کیا۔ انہوں نے پانی کے دیرینہ مسئلے کے فوری حل کی ہدایت کی، جس پر کھدائی کر کے نئی پائپ لائن بچھائی گئی اور پانی کی فراہمی بحال کر دی گئی۔
نور خان بلوچ نے کہا کہ عوام کو صحت سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے فیلڈ وزٹس جاری رہیں گے۔ انہوں نے عملے کو مریضوں کو بہتر طبی سہولیات، صفائی ستھرائی اور ادویات کی دستیابی ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











